جہلم کشتی سانحہ آہوں اور آنسوںکے درمیان لولاب کی دوشیزہ سپرد خاک

 اشرف چراغ

کپوارہ // خوفناک مناظر کے درمیان سری نگر کے گنڈبل بٹوارہ میں منگل کو جہلم کشتی الٹنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والی لولاب کی دوشیزہ کو جذباتی الوداع کرنے کے لیے سینکڑوں لوگ وادی لولاب کے ڈورسہ علاقے میں جمع ہوئے۔ غلام محمد گوجری کی لخت جگر رضیہ گل ان 6افراد میں سے ایک تھی جو دریائے جہلم کے پانی میں ایک کشتی الٹنے کے بعد لقمہ اجل بن گئی۔ دوشیزہ کی نعش منگل کی شام دیر گئے آبائی ڈورسہ گاؤں لولاب پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم لولاب، تحصیلدار سوگام ، پولیس انتظامیہ کی دویگر اراکان بھی موجود تھے۔ کمسن بچی رضیہ کی آخری جھلک دیکھنے کے بعد، سینکڑوں لوگوں نے شام دیر گئے اس کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں شرکت کی اور بعد ازاں اسے سسکیوں اور آنسوؤں کے درمیان قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔دور دراز سے لوگ سوگوار خاندان سے تعزیت کے لیے متوفی لڑکی کے گھر پہنچ رہے ہیں۔