جھنگڑ کے مکینوں کا ٹرانسفارمرکی خرابی پر احتجاج

عظمیٰ نیوز سروس

راجوری//راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی گاؤں جھنگڑ کے وارڈ 03 کے لوگوں نے بجلی محکمے کے خلاف بجلی کے ٹرانسفارمر کی تبدیلی میں تاخیر کے ساتھ ساتھ نصب ٹرانسفارمر کی صلاحیت کو اپ گریڈ کرنے کے مطالبے کو نظر انداز کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مشتعل دیہاتیوں نے محکمہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے جھنگڑ کی مین روڈ کو بند کر دیا اور گزشتہ پانچ دنوں سے بجلی کے بحران کی وجہ سے گاؤں میں نصب 25 کے وی اے کا ٹرانسفار خراب ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس خراب ٹرانسفارمر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ متعلقہ محکمے کے افسران کے سامنے رکھا گیا تھا جنہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ نیا ٹرانسفارمر لگا دیا جائے گا لیکن پانچ دن گزر گئے ہیں اور ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔گاؤں والوں کا مزید کہنا تھا کہ اس گاؤں کا 25 کے وی اے کا ٹرانسفارمر مقامی آبادی کی بجلی سے متعلق ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے اور 63 کے وی اے کا ٹرانسفارمر لگانے کی ضرورت ہے۔محکمہ پاور ڈیولپمنٹ اور پولیس کے اہلکاروں نے گھنٹوں میں خراب ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے احتجاج کو پرامن کرایا جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔