جموں کشمیر کے انتخابی مراکز سگریٹ اور تمباکو نوشی ممنوعہ قرار

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//جموں کشمیر کے تمام انتخابی مراکز پر سگریٹ اور تمباکو نوشی کو ممنوعہ قراردیتے ہوئے تمام ضلع افسران اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمباکو نوشی کے ایکٹ ’’کوٹپا‘‘ کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات اُٹھائیں۔ صحت عامہ کی حفاظت اور ووٹرز کے تجربے کو بڑھانے کے مقصد سے ایک اہم اقدام میں چیف الیکشن آفیسر نے مرکزی زیر انتظام علاقے کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو تمباکو سے پاک زون قرار دیا ہے۔یہ فیصلہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کی ایک ہدایت کے بعد کیا گیا ہے، جس میں چیف الیکشن آفس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں میں دھویں سے پاک ماحول کو یقینی بنائے۔ یہ اقدام حکومت ہند کے ضوابط اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، جس میں سگریٹ اور تمباکو نوشی سے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔