جموں و کشمیر کے وسیع تر مفاد میں سندھ طاس آبی معاہدے پر نظر ثانی ناگزیر:رانا

 عظمیٰ نیوزسروس

بھلوال نگروٹہ//سینئر بی جے پی لیڈر دیویندر رانا نے کانگریس کے دور حکومت میں 1960میں دستخط کیے گئے سندھ طاس آبی معاہدے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے فائدہ مند رہا ہے، جس کے جموں و کشمیر کی ترقی اور آبی سلامتی پر مضر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔بابا چنچل سنگھ دربار کے زیراہتمام پیر بابا جئے علی بادشاہ راتی چھپری بارن بھلوال میں اجتماع کے حاشئے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا نے کہا”جموں و کشمیر کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے سندھ طاس آبی معاہدے کا دوبارہ جائزہ لینا ناگزیر ہے اور ملک کے اس حصے کی تیز رفتار ترقی کے لیے سنجیدہ حل کلیدی حیثیت رکھتا ہے، خاص طور پر پاور سیکٹر میں”۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکز ملک کے وسیع تر مفادات میں بالعموم اور جموں و کشمیر بالخصوص اس معاہدے کو ختم کرنے کے اقدامات کو تیز کرے گا۔

 

قبل ازیں، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے میں باباؤں اور پیر بابا کی عظیم شراکت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بے لوث روحانیت پرستوں نے ہمیشہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کی ہے جس میں ہمہ گیر بھائی چارے پر مبنی معاشرہ سب کے لیے باوقار جگہ ہو۔انہوں نے ہم آہنگی اور سکون کے جذبے کو فروغ دینے اور اسے برقرار رکھنے کی اہم ضرورت پر بھی زور دیا جیسا کہ قدیم زمانے سے تمام مذاہب کے بزرگوں اور پیر باباوں نے تبلیغ کی ہے۔رانا نے کہا’’تمام مذاہب دوستی قائم کرتے ہیں اور تقسیم نہیں کرتے اور یہ سب کا منتر ہونا چاہیے کہ وہ معاشرے کی ہم آہنگی سے بڑھوتری میں اپنا کردار ادا کریں‘‘۔ انہوں نے محبت، ہمدردی امن کے پیغام کو پھیلانے میں گرووں کی تعلیمات کو یاد کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے ہمیشہ نسلوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور معاشرے کو تبدیل کرنے میں مدد کی ہے، مختلف برادریوں کے لیے بلا تفریق ذات، عقیدہ اور رنگ و نسل ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کے لیے انہوں نے کہا کہ روحانیت پسند ہمیشہ نفرت اور بیمار معاشرے میں روشنی کی کرن بن کر ابھرے ہیں۔ رانا نے رشتوں اور دوستی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے کی اہم ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ ہندوستانی اخلاقیات کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی روحانی سرزمین نے قدیم زمانے سے انسانیت کا پیغام دیا ہے اور انسانیت کو امن، خوشحالی اور روحانی خوشی کی طرف رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے جماعت میں موجود شاگردوں پر زور دیا کہ وہ محبت، امن اور ہمدردی کے پیغام کو عام کریں، جو ان کے بقول پورے ملک اور جموں و کشمیر میں قومی یکجہتی اور جامعیت کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہر کوئی سماجی انصاف اور مساوات پر مبنی معاشرے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ رانا نے کہا کہ ان اجتماعات کی پہچان بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے معاشرے میں پھیلنے والی مختلف برائیوں کا خصوصی حوالہ دیا اور خاص طور پر نوجوانوں میں اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔