جموں وکشمیر پولیس کی منشیات مخالف مہم | راجوری میں منشیات فروش کاتجارتی کمپلیکس اور گاڑی قرق

عظمیٰ نیوزسروس

راجوری// راجوری ضلع میں ہفتہ کے روزلاکھوں روپے مالیت کا ایک 4منزلہ کاروباری کمپلیکس اور ایک گاڑی( دونوں کی مالیت ایک کروڑ80لاکھ روپے سے زیادہ ہے)، جو کہ ایک مبینہ منشیات فروش کی ملکیت ہے،کوقرق کرلیاگیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ جائیداد وکال چوگاولد ومل چوگا ساکن وارڈ نمبر12راجوری کی ہے، جس پر گزشتہ سالNDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق انہوںنے راجوری قصبے میں نوجوانوں کو منشیات بیچ کر غیر قانونی طور پر جائیداد حاصل کی تھی۔انہوں نے کہا کہ منسلک جائیدادیں راجوری شہر کے قلب میں 1.74کروڑ روپے مالیت کا 4منزلہ کاروباری ادارہ ہے اور ایک کار جس کی قیمت 7لاکھ روپے ہے،کو قرق کرلیاگیا۔ راجوری کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ نے کہا کہ پولیس ضلع سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔