جموں خطے میں 6سے 7 ملی ٹینٹ گروپ سرگرم اعانت کاروں کی کچھ گرفتاریاں ہوئیں: اے ڈی جی پی

 اشتیاق ملک

ڈوڈہ// ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) زون جموں آنند جین کا کہنا ہے کہ جموں خطے میں 6 سے 7 ملی ٹینٹ گروپ سرگرم ہیں جن میں سے 3 سے 4 گروپ ضلع ڈوڈہ میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ میں بدھ کے روز انکائونٹر کے دوران ہلاک ہونے والے ملی ٹینٹوں نے حال ہی میں در اندازی کی تھی۔ ڈوڈہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا’’ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے بعد ، علاقے میں 12 جون کے آس پاس تلاشی آپریشن شروع کیا گیا اور اس دوران گولیوں کے تبادلے کے دوران ایک اہلکار زخمی ہوا تھا‘‘۔ان کا کہنا تھا کہبعد ازاں علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن جاری رکھا تھا۔

 

جین نے کہا کہ بدھ کی صبح ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں ایک اور اطلاع ملی تو علاقے کو محاصرے میں لے کر تین ملی ٹینٹوں کو مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی شناخت ابھی معلوم نہیں ہوئی ۔ان کا کہنا تھا کہ ان ملی ٹینٹوںکو کس نے مدد کی ہے اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ میں تین ملی ٹینٹوں کی ہلاکت ایک بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس سے لوگوں کو راحت کی سانس نصیب ہوگی۔جموں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں اے ڈی جی پی نے کہا کہ ڈوڈہ میں 3 سے 4 ملی ٹینٹ گروپ موجود ہیں جبکہ جموں خطے میں کل ملا کر 6 سے 7 گروپ سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع پیکیج پر غور کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا’’لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ہماری مدد کریں تاکہ ان کی نشاندہی کی جا سکے جو دہشت گردوں کی مدد کر رہے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں،مہلوکین سے اسلحہ بر آمد ہونے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان سے 2 ایم فور، ایک اے کے 47 رائفل اور گرینیڈ وغیرہ بر آمد کئے گئے ۔ یاترا کے بارے میں جین نے کہا کہ اس سلسلے میں سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔