جشن عید غدیر خم:شیعہ یوتھ نے انجمن جعفریہ کے بینر تلے سبیل لگا ئی

حسین محتشم

پونچھ// عید غدیر کی مناسبت سےشیعہ یوتھ نے انجمن جعفریہ پونچھ کے بینر تلے ہاتھی تھان بازار میں ایک سبیل لگائی۔ اس دوران دکانداروں راہگیروں اور عام شہریوں میں پانی،جوس، مٹھائی ،بسکٹ اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی۔اس دوران پونچھ کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہندو، سکھ، عیسائی اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی موجود رہے۔مولانا سید امان حیدر رضوی ہلوری نے اس دوران واقعہ غدیر خم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غدیر خم کا واقعہ ایسا تاریخی واقعہ ہے کہ جس کے بارے میں عالم اسلام کے تمام محققوں ، راویوں ، محدثوں ، مفسروں ، متکلموں ، خطیبوں ، شاعروں ، مورخوں ،اور سیرت نگاروں نے خاصی اہمیت کے ساتھ بیان کیاہے ۔انہوں نے پورے عالم انسانیت خصوصی طور وطن عزیز کے لیے دعائیں طلب کی۔انہوں نے مزید کہاکہ اس اسلامی عید کی بنیاد پیغمبر اسلام صلی اﷲ علیہ وسلم کے زمانے میں ہی پڑگئی تھی کیونکہ آپ نے اس دن تمام مہاجر ، انصار اور اپنی ازواج کو حکم دیا کہ علی علیہ السلام کے پاس جا‌‎‎‎ؤ اور امامت و ولایت کے سلسلہ میں ان کو مبارکباد دو۔اس موقعہ پر موجود ضلعی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار نریندر سنگھ،کانگرس کے سینئر لیڈر تاج میر،شری گرو رام داس سیوا سوسائٹی پونچھ کے جنرل سیکرٹری سردار بلبیر سنگھ،سردار کمل جیت سنگھ،محمد افضل خان،عبدالجبار تانترے، ڈاکٹر ادیش پال شرما، راجیو ٹنڈن، انجمن جعفریہ کے صدر مقصود احمد قلی، شیعہ یوتھ کے صدر شفیق حسین بابا اور دیگران نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے عالم انسانیت کو عید غدیر کی مبارک باد پیش کی اور صالح مشترکات کو یکجہتی کے ساتھ انجام دینے کی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کے لئے اس کوشش کو جاری رکھنے کی تاکید کی۔