تیسرے مرحلے میں بھی اپوزیشن کوووٹ نہیں ملیں گے مفت اناج سکیم2029تک جاری رہے گی:امت شاہ

یواین آئی

مین پوری// اترپردیش کے مین پوری پارلیمانی حلقے میں وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے اتوار کو دعوی کیا کہ تیسرے مرحلے میں بھی مخالفین کا کھاتہ نہیں کھل سکے گا۔یہاں کشنی کے ڈی پی ایس اسکول کے کھیل میدان میں بی جے پی امیدوار جئے ویر سنگھ ٹھاکر کی حمایت میں منعقد ایک انتخابی ریلی میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اتر پردیش میں 80 میں سے 80 سیٹیں جیتنے کے بی جے پی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے جیویر سنگھ کو مین پوری سے بھاری اکثریت سے جتانا ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ضمانت دی ہے کہ مفت اناج فراہم کرنے کی اسکیم 2029 تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں سڑکوں، ہوائی اڈوں اور میڈیکل کالجوں کی تعمیر کے میدان میں قابل ذکر کام کیا گیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش میں قانون کی حکمرانی قائم ہے، پہلے لوگ ریاست سے ہجرت کرتے تھے، اب غنڈے ریاست سے بھاگ گئے ہیں۔شاہ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے لوک سبھا انتخابات میں اپنے خاندان کے پانچ افراد کو میدان میں اتار کر ثابت کر دیا ہے کہ سپاایک خاندانی پارٹی ہے۔ سماج وادی پارٹی خود کو یادووں کی ہمدرد کہتی ہے، لیکن الیکشن کے وقت کوئی دوسرا یادو نہیں ملتا تب صرف ان کا اپنا کنبہ ہی نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ کنبہ پرور پارٹی کو ختم کر کے کمل کو ووٹ دیں۔اپنی تقریر میں انہوں نے سماج وادی پارٹی اور کانگریس کو ہدف تنقید بنایا۔ اتر پردیش میں دو شہزادے کھلے عام مودی جی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، جب کہ کانگریس کی حکومت والی ریاستوں میں او بی سی کوٹہ کاٹ کر اقلیتوں کو ریزرویشن دیا گیا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی گارنٹی ہے کہ وہ کسی کو او بی سی اور ایس سی کا کوٹہ نہیں کاٹنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ ریزرویشن کی حامی رہی ہے۔ راہول بابا کے اس جھوٹ کو عوام سمجھ چکے ہیں اور ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔شاہ نے عوام سے پوچھا کہ کیا وہ رام مندر بنانے والوں کی حمایت کریں گے یا غیر مسلح رام بھکتوں پر گولیاں چلانے والوں کی؟ اس سوال پر بھیڑ نے جئے شری رام کے نعرے سنائی دئیے۔مین پوری کو سماج وادی پارٹی کا قلعہ سمجھا جاتا ہے اور بی جے پی کے امیدوار نے یہ سیٹ کبھی نہیں جیتی ہے، اس لیے مین پوری کے کشنی میں بی جے پی کے چانکیہ امیت شاہ کی پہلی ریلی سے ذات پات کے مساوات کو سلجھانے کی کوشش ہوئی ہے۔بابو کلیان سنگھ کے نام کی مدد سے امیت شاہ نے لودھ ووٹوں کو بی جے پی کی جانب مائل کرنے کی کوشش کی ہے۔ امیت شاہ کی ریلی نے انتخابی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے۔