بھگواتی نگر جموں میں یاتریوں کیلئے کئے گئے نتظامات صوبائی کمشنر اور اے ڈی جی پی نے تفصیلی جائزہ لیا

عظمیٰ نیوز سرو س

جموں//ڈویژنل کمشنر جموں، رمیش کمار اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے امرناتھ یاترا کے لئے انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے حتمی انتظامات اور تیاریوں کا معائنہ کیا۔ڈی آئی جی جموں سانبہ کٹھوعہ رینج، کمشنر جے ایم سی، ڈپٹی کمشنر جموں، ایس ایس پی جموں، محکموں کے سربراہان، نوڈل افسران اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔بھگوتی نگر میںصوبائی کمشنر اور اے ڈی جی پی نے یاتری نواس کا ایک چکر لگایا اور متعلقہ ایچ او ڈیز اور نوڈل افسران کی میٹنگ کی صدارت کی اور بھگوتی نگر یاتری بیس کیمپ میں ان کی طرف سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ امرناتھ یاترا کے لئے یاتری نواس پہنچنے والے یاتریوں کو تمام سہولیات اور خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں۔صوبائی کمشنر نے 24×7 کنٹرول روم کے کام کی نگرانی کرنے اور ضروری خدمات کے نمائندوں کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اے آر ٹی او جموں سے کہا گیا کہ وہ یاتریوں کی معلومات کیلئے پرائیویٹ ٹیکسیوں اور تین پہیہ گاڑیوں کے نرخوں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔بعد ازاں،صوبائی کمشنر اور اے ڈی جی پی نے یاتری دھامس اور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں حتمی انتظامات کا معائنہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ قیام و طعام، آر ایف آئی ڈی کاؤنٹرز، شیڈز، پانی، بجلی کی فراہمی اور دیگر متعلقہ تیاریوں سمیت تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر آر ایف آئی ڈی ٹوکن سینٹر کا بھی معائنہ کیا گیا۔

سیکورٹی صورتحال اور امن و امان کو بحال رکھنے کیلئے حکام متحرک
امرناتھ یاترا سے قبل رام بن میں سیکورٹی کا جائزہ اجلاس منعقد
ایم ایم پرویز
رام بن//شری امرناتھ جی یاترا سے پہلے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، ڈوڈہ، کشتواڑ رامبن رینج نے ضلع پولیس ہیڈ کوارٹر رام بن میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) شریدھر پاٹل نے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں بریگیڈیئر، کمانڈر 11 راشٹریہ رائفلز، جو سبی، فوج کے کمانڈنگ آفیسرز (سی اوز)، سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ، کے ساتھ شریک ہوئے۔ سی آئی ایس ایف، آئی آر پی، ایس ایس پی ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے، ایس ایس پی رام بن، گول، بانہال کے سب ڈویذنل پولیس افسران، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن، ڈی وائی ایس پی، ڈی اے آر، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران، اے ڈی سی رام بن ورونجیت سنگھ چاڑک ،پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی ودیگر اعلیٰ آفیسران موجود تھے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوج کمار نے اے ایس پی گورو مہاجن کے ساتھ آنے والی شری امرناتھ جی یاترا پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی۔سالانہ یاترا، جس میں ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے، 29 جون کو شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی شریدھر پاٹل نے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔موجودہ سیکورٹی صورتحال، امن و امان، دہشت گردی کی سرگرمیاں، اور خطے میں عسکریت پسندی کو بحال کرنے کی بار بار کی جانے والی کوششوں جیسے اہم موضوعات پر بات چیت میں مصروف، بلائے گئے اجلاس کے اراکین نے میٹنگ کے نتیجہ خیز نتائج کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔اس کے علاوہ افسران نے ٹریفک پلان اور اس سے متعلقہ حفاظتی اقدامات کا مؤثر طریقے سے جائزہ لیا تاکہ عقیدت مندوں کیلئے پریشانی سے پاک سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی آئی جی کے ذریعہ تعیناتی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور امرناتھ یاترا کے دوران ضلع رام بن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔شریک افسران نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کے علاوہ انسداد بغاوت گرڈ کے بارے میں اہم معلومات اور تاثرات کا اشتراک کیا۔

یاتریوں کیلئے بنائے گئے لاجمنٹ سینٹرز اور سی ایس سی کا معائنہ
عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//ڈپٹی کمشنر ادھم پور سلونی رائے نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جوگندر سنگھ جسروٹیہ کے ساتھ ضلع ادھم پور کے علاقائی دائرہ اختیار میں جکھنی سے کالی ماتا مندر تکری تک قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ مختلف لاجمنٹ مراکز/کمیونٹی سینٹری کمپلیکس کا دورہ کیاجس کے دوران آنے والی شری امرناتھ جی یاترا 2024 کے دوران یاتریوں کے لئے رکھی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ دورے کے دوران، ڈی سی نے مختلف لاجمنٹ سینٹرز/سی ایس سی کا معائنہ کیا اور افسران پر زور دیا کہ وہ ان مراکز کی مناسب اور باقاعدگی سے صفائی کو برقرار رکھیں تاکہ عقید تمندوںکو ان کی آرام دہ اور پرسکون زیارت کے لئے بہترین حفظان صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈی سی نے نامزد لاجمنٹ سینٹرز/کمیونٹی سینٹری کمپلیکس میں دستیاب انفراسٹرکچر اور مطلوبہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی سی نے مراکز میں پینے کے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، بجلی، قیام و طعام، بستروں کی دستیابی وغیرہ کی صورتحال کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ ڈی سی نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ان نامزد مراکز میں مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔ڈی سی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔