بھٹیلی اور الال نالہ پر پل کی تعمیرکا ایک سال سے بند تعمیری عمل فوری طور دوبارہ شروع کرنے کاعوامی مطالبہ

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے درہ ، ڈہوک ، کھنیال کوٹ اور نیلی ،بھٹیلی دیہات کی عوام نے بھٹیلی اور الال نالہ پر پل کی تعمیر کو لیکر متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے زور دار مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مذکورہ دیہات کی عوام نے ضلع انتظامیہ اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹیلی اور الال نالہ پر پل کی فوری تعمیر کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے صبر کا امتحان نہ لے کیونکہ مذکورہ دیہات کے تقریباً دس ہزار افراد ان ہی دو نالوں سے گزر کر قصبہ تھنہ منڈی اور آس پاس کے علاقوں میں آتے جاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے ان پلوں کی تعمیر کا کام چل رہا ہے تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کام کو بند کر دیا گیا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بڑے حادثہ کا انتظار کیے بغیر انتظامیہ جلد از جلد اس پل کا کام شروع کرے اور اسے پایا تکمیل تک پہنچائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ اس موقع پر کئی طلباء نے بتایا کہ تھنہ درہ روڈ پر دو دریا عبور کر کے انھیں اسکول پہنچنا پڑتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان دو نالوں پر پل تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے برف و باراں کے موسم میں انھیں اسکول آنے جانے میں بڑی دقتوں کا سامنا رہتا ہے جبکہ کئی مرتبہ شدید بارشوں میں نالے زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ اسکول بھی نہیں پہنچ سکتے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اوم پرکاش بھگت اور لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سڑک پر زیر تعمیر دو پلوں کو فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔ اس موقع پر مقامی سابقہ سرپنچ منشی خان اور دیگر کئی مکینوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ کئی سالوں سے ان دو پلوں کی تعمیر کو لیکر کوشاں ہیں لیکن آج تک یہاں پلوں کی تعمیر نہ ہو سکی ہے جس سے مقامی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔