بھارت 17سال کے بعد ٹی 20چمپئن

عظمیٰ سپورٹس ڈیسک

باربڈوس// وراٹ کوہلی (76) کی دانشمندانہ نصف سنچری اننگز اور اکشر پٹیل (47) کے ساتھ 72 رن کی اہم شراکت داری کی مدد سے ہندوستان نے ہفتہ کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو7رنوں سے ہرایا ۔تقریباً پورے ٹورنامنٹ میں خاموش رہنے والا وراٹ کا بلا، کل شام خطابی میچ میں جم کر دہاڑہ۔ وراٹ نے مارکو جانسن کے پہلے اوور میں تین چوکے لگا کر اپنے ارادوں کا اظہار کیا۔ ہندوستان نے پہلے اوور میں 15 رن بنائے تھے ، اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ اس پچ پر 200 سے اوپر کا اسکور ممکن ہو گا، لیکن جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے زبردست واپسی کرتے ہوئے پہلے پاور پلے میں ہی ہندوستان کے تین اہم وکٹ شرما (9) رشبھ پنت (0) اور سوریہ کمار یادو (3) کے وکٹ لے کر نیلی جرسی ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا اور میدان پر خاموشی چھا گئی۔بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 176 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔کیشو مہاراج نے 2، کگیسو ربادا، مارکو جانسن اور آنرخ نورکیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم20اور میں 169رن بنائے اور اس کے 8کھلاڑی آوٹ ہوئے ۔ایک ایسے وقت میں یہ لگا تھا کہ جنوبی افریقہ یہ میچ جیت جائے گا تاہم بھارتی بولروں اور فیلڈنگ نے جنوبی افریقہ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔اس طرح بھارت اس سنسنی خیر مقابلے میں جیت درج کرکے 2024ٹی 20 ورلڈ کپ کاچیمپیئن بن گیا۔بھارت 2007میں پہلی بار ٹی20عالمی کپ کا چمپین بنا تھا اور سنیچر کو دوسری بار بھارت نے شاندار جیت درج کرکے ٹی20عالمی کپ کافائنل میچ جیت لیا۔