بھاجپا جموں ریاسی نشست پر بڑی کامیابی حاصل کرئے گی :رویندر رینہ

عظمیٰ نیوز سروس

سانبہ //کانگریس پارٹی جموں-ریاسی پارلیمانی نشست پر اپنی جمع پونجی کھو دے گی جبکہ بھاجپا مذکورہ نشست پر ایک بڑی کامیابی حاصل کرئے گی ۔ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر بھاجپاکے صدر رویندر رینہ نے سانبہ ضلع کے رام گڑھ علاقہ میں منعقد متعدد جلسوں کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے راڈی اور راڈا، گھو رکوال، سوانکھا، ہیرا چک، چوانی ، داغ ، اوتل ، محل میں جلسوں سے خطاب کیا۔رویندر رینہ نے ان میٹنگوں میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس، این سی اور پی ڈی پی نے عوام کے مینڈیٹ کا لطف اٹھایا لیکن ان کی فلاح و بہبود کی کبھی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر کانگریس پارٹی اپنی بنیاد کھو چکی ہے اور افسوس کی بات ہے کہ کبھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی نے عوام کو اس طرح دھوکا دیا کہ عوام نے کانگریس کا مکمل صفایا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔موصوف نے کہا کہ ’’جموں میں کانگریس اپنی بدعنوانی اور دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر سے محبت کے لئے مشہور ہے اور عوام نے مودی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ کلین گورننس کو بھی دیکھا ہے جس نے ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا ہے اور خطے میں ترقیاتی انقلاب برپا کیا ہے۔ڈاکٹر دیویندر کمار منیال نے اپنے خطاب میں مقامی ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ مودی حکومت سماج کے آخری فرد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے ارادے سے کام کر رہی ہے اور مودی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی اسکیمیں خاص طور پر اس مقصد کے لئے بنائی گئی ہیں۔سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی کے علاوہ کسی اور پارٹی نے عوام کیلئے بے لوث فلاحی کام نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کیڈر دنیا میں بے لوث لوگوں کی سب سے سرشار ٹیم ہے جو معاشرے اور قوم کی مسلسل خدمت کرتی ہے۔