بلدیاتی اداروں کی حد بندی تیاریاں شروع،رواں سال انتخابات کا امکان

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں و کشمیر میں مجوزہ اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے تمام 20 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو حد بندی کے عمل میں فعال طور پر حصہ لینے اور اپنی تجاویز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جموں وکشمیرمیں تقریباً6سال بعدبلدیاتی انتخابات سال کے آخر تک ہونے کی توقع ہے۔ الیکشن کمشنر بی آر شرما نے شہری انتخابات کے عمل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے منگل کی شام ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ڈیڑھ گھنٹے کی میٹنگ کی۔ میٹنگ کی بنیادی توجہ حد بندی پر تھی، جس میں بہت سے میونسپل اداروں کی توسیع نظر آئے گی۔ آخری بار بلدیاتی انتخابات 2018میںہوئے تھے جب جموں و کشمیر ایک مکمل ریاست تھی تاہم2019 میں اس کی تنظیم نو کے بعد بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دئے گئے۔ میونسپل باڈیز کی مدت نومبر 2023 میں ختم ہوئی۔ پہلی بار دیگر پسماندہ طبقات (OBCs) کے تحفظات کو جموں و کشمیر میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں لاگو کیا جا سکتا ہے۔ پہلے ان انتخابات میں او بی سی ریزرویشن کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ پچھلے سال انتخابات کے انعقاد میں تاخیر او بی سی ریزرویشن سسٹم کو یقینی بنانے کے عمل کی وجہ سے ہوئی تھی۔ 28 دسمبر2023 کو جموں کشمیر کی انتظامی کونسل نے جموں اور کشمیر پنچایتی راج ایکٹ میں ترمیم کی، جس سے شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں میں OBCریزرویشن کی اجازت دی گئی۔