باہو فورٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا شعبہ آثار قدیمہ وانتظامیہ کیخلاف احتجاج

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//باہو فورٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی (بی ایف ڈی سی) کی جانب سے شعبہ آثار قدیمہ وانتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا گیا ۔کمیٹی کی جانب راجیوچاڑک نے وائس چیئرمین بی ایف ڈی سی ایڈوکیٹ ایشانت گپتا کے ساتھ مل کر حکومت جموں و کشمیر کے محکمہ آثار قدیمہ اور عجائب گھر کے ساتھ ساتھ جموں کی ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج شروع کیا ہے۔ مظاہرین نے محکمہ آثار قدیمہ، جموں کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اور جموں و کشمیر پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔احتجاج کے دوران چاڑک نے باہو فورٹ میں محفوظ باوے والی ماتا مندر کے اندر غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے دو ماہ قبل محکمہ آثار قدیمہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے شیڈ کی غیر قانونی تعمیر کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ متعدد شکایات کے باوجود محکمہ نے کوئی ٹھوس کارروائی کئے بغیر صرف ڈی سی جموں کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔ چاڑک نے کہا کہ اس قسم کا واقعہ پہلی بار نہیں ہو رہا ہے۔ مظاہرین نے کہاکہ محفوظ یادگار کو نقصان پہنچانا اب ایک عادت بن چکی ہے اور محکمہ آثار قدیمہ ہر بار خطوط لکھ کر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور دیگر کو دینے کا کھیل کھیلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سات سال قبل انہوں نے محکمہ کو بھی آگاہ کیا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات اپنے عروج پر ہیں، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی، اور محفوظ یادگار کو متعدد غیر قانونی تعمیرات جیسے لنگر شیڈ، متعدد مندر، کنکریٹ سیمنٹ شیلٹر شیڈ، اور دیگر سیمنٹ سے نقصان پہنچا۔ باہو فورٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی مقام کی حفاظت کے لئے غیر قانونی تعمیرات کو رکوانے، معاملے کی چھان بین کے لیے فوری کارروائی کرے اور مجرموں کو قانون کے تحت جوابدہ ٹھہرائے۔