بانڈی پورہ میں شبانہ تصادم دو فوجی زخمی، علاقہ محاصرے میں

بانڈی پورہ/عازم جان/ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے رینجی ووڈس میں بدھ کی صبح ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم میں دو فوجی زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ جاری آپریشن میں دو فوجی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اورچھپے ملی ٹینٹوں کا پتہ لگانے کے لیے مزید فورسز کو موقع پر پہنچا دیا گیا ہے۔ کشمیر زون پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا، “آرہ گام کے رینجی جنگلاتی علاقے میںصبح سویرے ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان رابطہ قائم ہوا”۔ ابھی تک دونوں طرف سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم دو فوجی اہلکار معمولی زخمی ہوئے ۔ حکام نے بتایا کہ فوج نے ملی ٹینٹوں کو بھاگنے سے روکنے کے لیے فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹروں کو استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے۔ لیکن اسکے بعد دن بھر طرفین کے دوبارہ مابین کوئی رابطہ نہیں ہوا۔