بالاکوٹ کی کوٹاں صدوالہ تا سوئیاں سڑک خستہ حالی کا شکار غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے کاالزام،تحقیقات کی مانگ

جاوید اقبال
مینڈھر//بلاک بالاکوٹ کی کوٹاں صدوالہ تا سوئیاں سڑک کا کام غیر معیاری ہونے کیوجہ سے بارش کا سارا پانی سڑک کے بیچوں بیچ سے گذرتا ہے جس کی وجہ سے سڑک کی حالت نہایت ہی خستہ ہو گئی ہے اور گاڑیوں کا چلنا سڑک پر مشکل ہو گیا ہے۔ لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سڑک کا کام غیر معیاری طریقے سے کروایا گیا ہے اور سڑک کے کنارے پر نالی نہ ہونے کی وجہ سے پانی سڑک کے بیچ سے گذرتا ہے جس کی وجہ سے سڑک تباہ و برباد ہو گئی ہے کیونکہ ہلکی سی بارش کا پانی بھی سڑک سے ہی گزرتا ہے جبکہ نالیوں کے معاملہ کو لیکرانہوںنے کئی بار متعلقہ محکمہ کے آفیسران اور ٹھیکیدار سے رابطہ کیا لیکن اُس کا کوئی اثر نہیں ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے سڑک کی حالت نہایت ہی خستہ ہو گئی ہے۔ لوگوں کا مزید کہنا تھاکہ نہ ہی اس سڑک پر نالی بنائی گئی اور نہ ہی اس کے ڈنگے ڈھنگ سے لگائے گئے، جو بھی کام ہوا ہے اس میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جاتا رہا اور کسی بھی آفیسر نے کام کو چیک نہیں کیا اور کروڑوں روپے سرکار کے خزانے سے ضائع کردئے گئے۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے ایپل کی کہ ایک ویجی لینس ٹیم موقع پر بھیجی جائے اور سڑک کا معائنہ کیا جائے اور جو بھی اِس میں ملوث ہے، اُسکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے جبکہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت دی جائے کہ سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنایا جائے۔