بارش کی قہر سامانیاں لورن بلاک میں درجن سے زائد رہائشی مکانات ناقابل رہائش

 تین مکانات جزوی طور منہدم ،انتظامیہ سے تخمینہ لگا کر امداد کی اپیل

عشرت حسین بٹ

منڈی//حالیہ شدید بارش کی وجہ سے جہاں ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں میں عوام کے رہائشی مکانات زمینوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے وہیں پر تحصیل کے لورن بلاک میں ایک درجن سے زائد رہائشی مکانات ناقابل رہائش ہو گیے ہیں اور تین رہائشی مکانات ایسے ہیں جوجزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منڈی تحصیل کے لورن بلاک میں ایک درجن رہائشی مکانات ایسے ہیں جن کے نیچے سے شدید بارش کی وجہ سے زمین کھسک گئی ہے اور تمام رہائشی مکان پانی پانی ہوئے گئے ہیں جبکہ لورن کے تانترے گام وارڈ نمبر چھ میں تین مکانات جزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں ۔

 

پولیس ذرائع کےمطابق بلاک لورن کے براچھڑ ،چکھڑی بن ،لویہل بیلہ،اور تانترے گام علاقوں سے انہیں رہائشی مکانات ناقابل رہائش ہونے کی اطلاعات حاصل ہوئی ہیں اور پولیس ٹیموں نے از خود ان علاقوں کا دورہ کر کے صورت حال کا جائزہ بھی لیا ہے وہیں ان تمام رہائشی مکانات میں رہ رہے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ وہ ان علاقوں کا دورہ کر کے صورت حال کاجائزہ لے کر متاثرین کو رہنے کے لیے ٹینٹ وغیرہ کا انتظام کریں اور ان کے رہائشی مکانات کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا کر انہیں معاوضہ دیا جائے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شدید بارش کی وجہ سے جہاں لورن بلاک میں عوام کو اگر چہ کوئی جانی نقصان نہ اٹھانا پڑا البتہ اس دوران درجن سے زائد لوگوں کے رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن کی شناخت عبد الاحد ولد ولی جو ساکنہ چکھڑی بن،فریدہ بیگم بیوہ قمر دین ساکنہ براچھڑ،محمد قیوم ولد بشیر احمد ساکنہ تانترے گام لورن،عبدل رحمان ولد شاہ محمد ساکنہ تانترے گام،عبدل رشید ولد جلال دین ساکنہ تانترے گام، محمد حنیف ولد جلال دین ساکنہ لوہیل بیلہ، ثنااللہ ولد محمد جو ساکنہ لوہیل بیلہ عبدل ماجد ولد جلال دین ساکنہ لوہیل بیلہ،عبدل رشید ولد خان محمد ساکنہ لوہیل بیلہ،امتیاز احمد ولد قمر دین ساکنہ لوہیل بیلہ، شبیر احمد ولد جمال دین ساکنہ لوہیل بیلہ،غلام محمد ولد سلطان محمد ساکنہ تانترے گام کے طور پر ہوئی ہے۔ ان تمام میں سے تانترے گام علاقہ میں ہوئے رہائشی مکانات جزوی طور پر منہدم ہوئے ہیں جبکہ باقی رہائشی مکانات رہائش کے قابل نہیں رہے ہیں۔ادھر لورن بلاک کی عوام نے بھی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ بارشوں میں ہوئے نقصانات کا جائزہ لگا کر عوام کو معاوضہ دیا جائے۔