ایکو پارک بارہمولہ میں رابطہ پل خستہ حال | تین سال قبل خاکستر ہونے والا ہوٹل ہنوز تعمیر نہ سوسکا

فیاض بخاری

بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کی مشہور ایکو پارک میں رابطہ پُل کی خستہ حالی کی وجہ سے سیاحوں اور مقامی لوگوںکو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس کے علاوہ پارک میں موجود واحد ہوٹل جو تین سال قبل آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوا تھا تاہم ابھی تک دوبارہ تعمیر نہیں کیا گیا ہے جس سے سیاحوں کو کافی پریشانوں کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوںکے مطابق قصبہ بارہمولہ سے تقریباً 5کلو میٹر دور مشہور ا یکو پارک جو خادنیار علاقے میں بارہمولہ اوڑی قومی شاہرہ پر وا قع ہے،میں سرکار نے پارک کے ساتھ ساتھ ایک رسیوں اور لکڑی سے بنایا ہوا پُل بھی بنایا تھا جو اس پارک سے قومی شاہراہ تک ہے اور خادنیار کے لوگوں کے علاوہ سیاحوں کیلئے واحد راستہ ہے۔لیکن پل کافی خستہ ہوا ہے جس کی وجہ سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو پُل پار کرنے کے دوران خوف محسوس ہو رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر اس پُل کو جلد ٹھیک نہیں کیا گیا تو یہ کبھی بھی لوگوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتاہے ۔ ایک مقامی شہری وسیم احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس پارک سے ملانے والا پُل لوگوں کیلئے وبال جان بن چکا ہے کیونکہ پل کے بیچوںبیچ بڑے بڑے سراخ بن چکے ہیں تاہم ضلع انتظامیہ اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ پارک میں ایک واحد ہوٹل تھا جو تین سال قبل آگ کی ایک واردات کے دوران خاکستر ہوا جس کے بعد آج تک محکمہ سیاحت نے اسے دوبارہ تعمیر نہیں کیا جس کی وجہ سے یہاں آنے والے سیاحوں کو کافی پریشانوں کو سامنا ہے ۔لوگوںنے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس پل کی فوری مر مت کی جائے اور ہوٹل کو از سر نو تعمیر کیا جائے ۔