اننت ناگ میں ہولناک آگ ۔ 11رہائشی مکانات،سکول اور 8دکانیں خاکستر

 عارف بلوچ

اننت ناگ// اننت ناگ میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں 11رہائشی مکانات ،سکول اور8دکانیں خاکستر ہوگئیں جبکہ کروڑوں روپے کی املاک راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگئی ۔قصبہ کے مہمان محلہ لالچوک میں پیر اور منگل کی درمیانی شب اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً کئی دکانوں اور رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے سبب علاقے میں افراتفری کا ماحول پھیل گیا۔آگ کی واردات رونماہونے کی اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے کیلئے تقریبا10فائر ٹینڈر جائے واردات پرپہنچے اور فائر سروسزاہلکاروںنے بیک وقت کئی مکانات اور دکانات میں لگی بھیانک آگ پر مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے قابوپانے کی کارروائی شروع کی ۔

 

آگ کی اس تباہ کن واردات میں ایک سرکاری سکول ،11رہائشی مکانات اور 8 دکانیں خاکستر ہوگئیں۔کئی پانچ گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزکے اہلکار مقامی لوگوں کی مددسے آگ پرقابو پانے میں کامیاب ہوگئے ۔ آگ پرقابوپانے کی کارروائی کے دوران فائرسروسزمحکمہ کاایک ڈرائیور امتیازاحمد اورایک عام شہری زخمی ہوگیا ۔آگ لگنے کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ادھر انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر موقع کا جائزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر فخرالدین حامد نے متاثرین سے ملاقات کی اور انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔