اشفاق جبار کا اپنی پارٹی کی حمایت کا اعلان

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//جموں و کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے صدر اور سابق رکنِ اسمبلی اشفاق جبار نے پارلیمانی انتخابات میں ’ اپنی پارٹی ‘کے امید وار محمد اشرف میر کو غیر مشروط حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ایک پریس کانفرنس میں اشفاق جبار نے کہا کہ سرینگر حلقے میں اپنی پارٹی امیدوار کی حمایت کی جائیگی، یہ فیصلہ عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے، اس لیے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ محمد اشرف میر سرینگر سے بطور رکنِ پارلیمان منتخب ہوں۔نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے شفاق جبار نے کہا، نیشنل کانفرنس نے تو اب کھل کر شیو سینا کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ پہلے دونوں جماعتوں این سی اور پی ڈی پی کے لیڈران دعوی کرتے تھے کہ وہ تب تک الیکشن نہیں لڑیں گے، جب تک دفعہ 370 بحال نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم خیال جماعتوں کو لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کرنے کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ہم اس مزید تباہی اور ہلاکتوں کے متحمل نہیں ہو سکتے، ہم پہلے ہی بہت نقصان اٹھا چکے ہیں،ہمارے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد منشیات کی لت میں مبتلا ہوگئی ہے۔ ہم اس صورتحال کو خاموش تماشائی بن کر دیکھنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ہمیں یہاں امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔