ادھم پور میں 7ملی ٹینٹوں کے 2گروپ موجود وسیع جنگلات میں آپریشن تیسرے دن بھی جاری

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں// ڈڈوہ بسنت گڑھ کے جنگلات میں پناہ لینے والے ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کی انتھک کوششوں کے تحت، ادھم پور میں مسلسل تیسرے دن بھی سیکورٹی فورسز کا تلاشی آپریشن جاری رہا۔سیکورٹی فورسز ملی ینٹوں کا پتہ لگانے کے لیے ڈرونز کا استعمال کر رہی ہے، جو جنگل میں چھپے ہوئے ہیں۔اے ڈی جی پی جموں آنند جین، سی آر پی ایف اور ہندوستانی فوج کے سینئر افسران کے ساتھ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر تلاشی مہم کی خود نگرانی اور نگرانی کررہے ہیں۔جموں و کشمیر پولیس کی رپورٹ کے مطابق ملی ٹینٹوں کے دو گروہوں کا سراغ لگانے پر توجہ مرکوز رکھی گئی ہے، جن میں کل چھ سے سات افراد شامل ہیں۔دریں اثناڈی آئی جی ادھم پور-ریاسی رینج، رئیس محمد بٹ نے پیر کو کہا کہ سیکورٹی فورسز نے اپنی انٹیلی جنس کو مضبوط کیا ہے اور دہشت گردوں کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا”آپریشن جاری ہے، ہماری تلاشی پارٹیاں گہرے جنگلوں میں تلاش کر رہی ہیں، ہم نے ڈرون نگرانی کو آگے بڑھایا ہے، تازہ دراندازی کرنے والے گروہ کا سراغ لگایا جا رہا ہے،ہم نے اپنے انٹلی جنس کو مضبوط کیا ہے‘‘۔اتوار کو ولیج ڈیفنس گارڈ محمد شریف دہشت گردوں سے مقابلے میں مارا گیا، وہ ادھم پور کے بسنت گڑھ کے لوئر پونر کا رہنے والا تھا۔