اب طلباء کی بھی بائیو میٹرک حاضری ہوگی ماڈل ہائر سکینڈری سکول ساوجیاںسے نئی پہل کا آغاز

 عشرت حسین بٹ

 

منڈی// معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلباء کی سکول میں سو فی صدحاضری کو یقینی بنانے کیلئے ایک نئی پہل کے تحت ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ میں قائم کردہ سرکاری ماڈل ہائر سکنڈری سکول ساوجیاں کی انتظامیہ نے طلبا کی بائیو میٹرک حاضری شروع کی ہے ۔ماڈل ہائر سکنڈری سکول ساوجیاں ضلع پونچھ کا ایسا پہلا تعلیمی ادارہ ہوگا جہاں بائیو میٹر ک مشین کے ذریعہ سے طلباء و طالبات کی حاضری شروع ہوئی ہے۔غور طلب ہے کہ متعلقہ سکول میں نویں جماعت سے لیکر بارویں جماعت تک 275 طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں جو صبح سکول میں آنے کے بعد بائیو میٹرک نظام کی مدد سے اپنی حاصری کرتے ہیں اور سکول سے چھٹی ہونے سے قبل بھی اسی طرح سے حاضری لگاتے ہیں ۔

 

 

سکول پرنسپل انور خان کے مطابق سکول میں طلبا و طالبات کی بائیومیٹرک حاضری کا مقصد سکول میں طلبا و طالبات کی سو فی صدی حاضری کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کا سکول ضلع کا واحد سکول ہے جس میں سکول اساتذہ کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کی بھی سکول آتے ہی اور چھٹی سے قبل بائیومیٹرک حاضری ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں وہ ہر بچے کی حاضری اس کے والدین کے موبائل نمبر سے منسلک کریں گے تاکہ انہیں موبائل پیغام کے ذریعہ یہ پتہ چل سکے کہ آیا ان کے بچے سکول میں کس وقت حاضر ہوتے ہیں اور انہیں کس وقت چھٹی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حاضری کی وجہ سے جہاں طلباء و طالبات روزانہ سکول حاضر ہونگے وہیں ان کے تعلیمی معیار کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ شام کو ہر بچے کی حاضری کو پی ڈی ایف بنا کر ان کے والدین کو ارسال کی جاتی ہے تاکہ والدین کو بھی پتہ چل سکے کہ ان کا بچہ سکول میں حاضر تھا یا نہیں ۔پرنسپل موصوف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایف حاضر کے ذریعہ وہ بورڈ امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا و طالبات کی حاضری انہیں دستیاب کریں گے بائیومیٹرک حاضری کے حوالے سے سکول میں زیر تعلیم کلاس بارہویں ،گیارویں اور دسویں جماعت کے طلبا ناہدہ گل ،ریحان بٹ اور رخسانہ کوثر نے اس امر کو ایک بہتر قدم سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت اچھا لگا کہ ان کے سکول کی انتظامیہ نے طلبا و طالبات کے لئے بائیو میٹرک حاضری کا انتظام کیا۔سماجی سطح پر بھی سکول منتظمین کے مذکورہ اقدام کی سراہنا کی جارہی ہے کیونکہ اس عمل سے پورے نظام میں شفافیت لائی جاسکے گی ۔