غزہ میں ایک اور ہسپتال پر بمباری

 یو این آئی

غزہ//اسرائیل نے القدس اسپتال کے اطراف بمباری کردی، القدس اسپتال میں آٹھ ہزار سے زائد فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے ۔تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے سفاکیت کی انتہا کردی، غزہ میں چوبیس گھنٹے بعد ایک اور اسپتال نشانہ بنادیا گیا ، اسرائیل نے القدس اسپتال کے اطراف بمباری کی، القدس اسپتال میں آٹھ ہزار سے زائد فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے ، صہیونی ریاست نے دوہزار نو میں بھی القدس اسپتال کو نشانہ بنایا تھا۔غزہ میں الشفا اسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا، اسپتال زخمیوں سے بھرے ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے زخمیوں میں چالیس فیصد تعداد بچوں کی ہے ۔اس سے قبل صہیونی فوج نے غزہ میں اسپتال پربم برسادیے تھے اور ایک ہی حملے میں اسپتال کو قبرستان میں بدل دیا تھا، جس میں پانچ سو کے قریب فلسطینی شہید ہوئے تھے جبکہ سیکڑوں شہری شدید زخمی ہیں۔بعد ازاں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے واقعے پر تین دن کے سوگ کا اعلان کیا تھا۔ادھرغزہ پر اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ۔غزہ کے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بمباری کی گئی، ایک واقعے میں 27 اور دوسرے میں ایک ہی خاندان کے 13 افرادہلاک اور 15 زخمی ہوئے ۔اسرائیلی افواج کی جانب سے 12 افراد کو غزہ بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا جبکہ نوصائرت علاقے میں مسجد پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ۔البکری ہاؤس پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ الزیتون علاقے میں گھروں پر 20 بم برسائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے ، اس واقعے میں بھی بڑاجانی نقصان ہوا۔فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاوہ اب تک 64 فلسطینیوں کو مغربی کنارے میں بھی ہلاک کیا جا چکا ہے جن میں سے 55 خواتین اور بچے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 4500 سو رہائشی عمارتیں اور 12000 گھر تباہ کیے جا چکے ہیں۔