سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر شبانہ نقل وحمل پرپابندی

نیوز ڈیسک

سانبہ//ڈپٹی کمشنرسانبہ نے اپنے اختیارات کااستعمال کرتے ہوئے ضلع میں رات 9بجے سے صبح6بجے تک بین الاقوامی سرحد کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں شہریوں کی نقل وحمل پرپابندی عائدکی ہے۔ہنگامی حالت میں شہری اپناشناختی کارڈ بی ایس ایف حکام کو پیش کرکے نقل وحمل کی اجازت حاصل کرسکتے ہیں۔اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کئے جانے کاانتباہ دیاگیا ہے۔یہ حکم فوری طور نافذالعمل ہوگااور دوماہ تک جاری رہے گا۔

امرتسرمیں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی دراندازکوہلاک کرنے کادعویٰ
جالندھر/یواین آئی/مستعد بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) جوانوں نے ملک دشمن عناصر کی ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے منگل کو امرتسر کے سرحدی گاؤں دریا منصور میں ایک پاکستانی دراندازکو ہلاک کردیا۔بی ایس ایف کے تعلقات عامہ کے افسر نے بتایا کہ منگل کی صبح الرٹ بی ایس ایف اہلکاروں نے سرحدی باڑھ کے سامنے ایک پاکستانی مسلح درانداز کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی، جو ضلع امرتسر کے تحت سرحدی گاؤں دریا منصور کے قریب آتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوجیوں نے شرپسند کو للکارا لیکن وہ نہیں رکا اور آگے بڑھتا رہا۔ آنے والے خطرے کو محسوس کرتے ہوئے بی ایس ایف کے جوانوں نے اپنے دفاع میں درانداز پرفائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔تلاشی لینے پر پاکستانی درانداز کی لاش کے قریب سے ایک پستول برآمد ہوا۔ علاقے کی گہری تلاشی جاری ہے۔