خواجہ حبیب اللہ نوشہریؒکا415واں عرس آج

سرینگر//وادی کے بلند پایہ ولی کامل حضرت خواجہ حبیب اللہ نوشہری کا 415واں سالانہ عرس آج یعنی 31 جولائی بروز سنیچر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں اُن کے آستان عالیہ واقع نوشہرہ میں صبح صادق سے ہی پُر وقار اور روح پرور مجالس کا انعقاد ہوگا جس میں ختمات المعظمات ، درود ازکار اور خاصکر مولود خوانی کی روح پرور مجلس منعقد ہوگی۔ نمازِ ظہر کے بعد میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی درگاہ واقع نوشہرہ میں حسب قدیم وعظ فرمائیں گے اور حضرت خواجہ حبیب اللہ نوشہری کے تاریخ ساز اسلامی کارکنوں خصوصاً حضرت حُبی کے علمی ، روحانی کمالات پر روشنی ڈالیں گے۔ ادھر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر صدر عمر عبداللہ نے وادی کے بلند پائے ولی کامل عظیم المرتبہ اسلامی شاعر خواجہ حبیب اللہ نوشہریؒ (حُبی) نوشہرہ کے سالانہ عرس مبارک پر جموں و کشمیر کے لوگوں خصوصاً مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حضرت خواجہ حبیب اللہ نوشہری ؒ کی تعلیم ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خواجہ حبیب اللہ نوشہری ؒ کو عظیم الشان مرتبہ عطا کیا اور اُن کی تعلیم جو قرآن اور حدیث پر مبنی ہے، پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے دعا کی اللہ تعالی بزرگان دین کی تعلیم پر ہمیں چلنے کی توفیق عطا کریں۔پارٹی لیڈران پیر آفاق احمد اور تنویر صادق نے بھی خواجہ حبیب اللہ نوشہریؒ کے سالانہ عرس پر عقیدتمندوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اس دوران حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے خواجہ حبیب اللہ نوشہریؒ کے عرس پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہئوے کہاکہ خواجہ حبیب اللہ نوشہری ؒایک اعلی پایہ کے ولی اللہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم مصنف تھے جنہوں نے دینی ، علمی اور تصوف کے موضوعات پر شہکار تصانیف تخلیق فرما ہیں۔دریں اثناء انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو، مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا عبدالحق اویسی نے بھی خواجہ حبیب اللہ نوشہریؒ کے عرس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سب سے بہترین خراج عقیدت یہ ہے کہ انؒ کی تعلیمات پر عمل کریں۔