جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشقیں | شمالی کوریا کی جواب دینے کی دھمکی

یواین آئی

سیول//جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان گیارہ روز تک جاری مشترکہ عسکری مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے۔یون ہاپ خبر ایجنسی کے مطابق، یو ایف ایس نامی ان مشقوں کا مقصد سیمو لیشن،مشترکہ متحارب صلاحیتوں کی تربیت اور سول دفاعی مشقوں کا ادراک کرنا ہے۔ان مشقوں میں آسٹریلیا،کینیڈا، فرانس،برطانیہ،یونان،اٹلی،نیوزی لینڈ، فلپائن اور تھائی لینڈ سمیت جنوبی کوریا میں متعین اقوام متحدہ کی فوج بھی شامل ہے جن میں F -35 A ،F15K اور FA-50 قسم کے بیس جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔اس دوران،شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے بیان میں کہا کہ خطے میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ جنگی مشقوں کا موثر جواب دیا جائے گا اور شمالی کوریا کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔شمالی کوریا کی جانب سے بیان میں جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ کی ریہرسل قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ شمالی کوریا کے ہیکرز جنگی مشقوں سے متعلق کانٹریکٹر کی ای میلز کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کی مذمت کی ہے اور اسے علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔