یو این آئی
سرینگر// خواتین اور بچوں کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر منجپرا مہیندر بھائی کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے نوجوان تمام شعبہ ہائے حیات میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ‘پورا ملک جموں وکشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور جب بھی ضرورت پڑے میں لوگوں کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار ہوں’۔
موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہمہامہ میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو با اختیار بنانے کے لئے حکومت نے کئی سکیموں کو متعارف کیا ہے جن سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بچی کو جنم سے لے کر پڑھائی حاصل کرنے تک مدد کی جاتی ہے اور اس کے بعد بھی اس کے روز گار کے لئے کئی پرجیکٹوں کے تحت مدد کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر مہیندر بھائی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے نوجوان گونا گوں صلاحیتوں کے مالک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے نوجوان مشکل حالات میں بھی تمام تر شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں اور کھیل کے میدان سے لے کر آئی اے ایس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف وغیرہ میں بھرتی ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا رول ادا کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ کشمیر میں روز گار کے کئی مواقع ہیں یہاں کے اخروٹ، سیب، زعفران دنیا بھر میں مشہور ہیں اور دنیا سے سیاح یہاں آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورا ملک جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ضرورت پڑنے پر میں لوگوں کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار ہوں۔