سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض ویڈیو شیئر کرنے کا الزام، نوجوان گرفتار

File Photo

محمد بشارت

کوٹرنکہ// راجوری ضلع کے کوٹرنکہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر حساس ویڈیو شیئر کرکے ایک خاص طبقہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ زیرِ حراست شخص کی شناخت محمد یاسر ولد محمد اسلم ساکنہ سمنا مال، ناگا تھب، موجودہ کوٹرنکہ کے طور پر ہوئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ملزم نے ایک ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کیا جس سے ایک مخصوص طبقے کے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔ حساس ویڈیو میں علاقے کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش تھی۔
پولیس نے بتایا کہ اس غیر قانونی فعل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 153اے، 295اے، 505(2) ، آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67 کے تحت پولیس تھانہ کنڈی میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 123/2023 درج کیا ہے اور ملزم کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی راجوری امرت پال سنگھ (آئی پی ایس) نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس طرح کی کارروائیوں کی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وقتاً فوقتاً لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ قوانین کی پابندی کریں اور ایسا کوئی بھی حساس مواد پوسٹ کرنے سے گریز کریں جو امن و امان کو بگاڑ سکے۔
ایس ایس پی راجوری نے مزید کہا کہ ایسی کسی بھی غیر قانونی حرکت کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور جو بھی غیر قانونی کام کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔