بڈگام:دھوکہ دہی کے الزام میں خاتون پی ایس اے کے تحت گرفتار

File Photo

بڈگام//پولیس نے جمعہ کو کہا کہ عادی مجرموں، غاصبوں اور زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ایک خاتون کے خلاف PSA کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایک بیان میں، پولیس نے کہا کہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ دھوکہ بازخاتون کو مجرمانہ / غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور دھوکہ دینے کے جرم میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار خاتون کی شناخت شوکی زوجہ غلام رسول ڈار عرف لاس شکاری ساکن گنگ بوگ سری نگر کے بطور ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار خاتون اپنے مکر و فریب سے لوگوں کو مسلسل دھوکہ دے رہی تھی، بے وقوف بنا رہی تھی اور اُنہیں لوٹ رہی تھی۔ کئی بار وہ زمینوں کے سودے کے بہانے لوگوں کی زمینوں پر زبردستی قبضے میں ملوث پائی گئی اور دھوکہ دہی کے ذریعے اراضی ہتھیا لیتی ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ مذکورہ خاتون اپنے غنڈوں کی مدد سے مذکورہ زمین/جائیداد کے مالکان پر حملے بھی کرتی تھی اور اپنے علاقے کے عام لوگوں کو ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہ دینے پر سنگین نتائج کا سامنا کرنے کی دھمکیاں دیتی تھی۔
متعلقہ خاتون غلام رسول ڈار عرف لاس شکاری نامی زمین کے دلال کی بیوی ہے اور یہ دونوں جعلی ریونیو دستاویزات پر اراضی/جائیداد فروخت کرنے کا کام کر رہے ہیں اور غیر قانونی طور اراضی فروخت کرنے سے متعلق معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے بھی پائے گئے ہیں۔
پولیس نے کہا کہ مختلف جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے علاقہ کی عوام میں شدید ناراضگی پیدا ہوئی ہے، جس سے امن و امان میں حلل کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ مکار اور دھوکہ بازخاتون کے خلاف ضلع سری نگر اور بڈگام میں پہلے ہی 7مقدمات درج ہیں۔ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی پاداش میں پولیس متعلقہ خاتون کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لیا ہے۔
پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیونٹی کے ممبران کو ایک بار پھر مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور ایسے دھوکہ بازوں/زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کا شکار نہ ہوں اور ایسی کسی بھی مشکوک یا دھوکہ دہی کی سرگرمی کی جلد از جلد پولیس کو اطلاع دیں۔