بارہمولہ میں خاتون سمیت 7 منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مادہ برآمد

بارہمولہ// جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں دو الگ الگ واقعات میں ایک خاتون سمیت سات منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ شیری مارکیٹ میں ناکہ چیکنگ کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 63 گرام ممنوعہ براو¿ن شوگر جیسا مادہ برآمد کیا گیا ہے، جبکہ ایک خاتون سمیت چار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور بونیار، بارہمولہ میں 60 گرام ممنوعہ ہیروئن برآمد کی گئی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شیری کیس میںپیرزادہ اعجاز احمد ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر بارہمولہ کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس تھانہ شیری کی مدد سے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جن میں زبیر احمد پنڈت ولد محمد حیات پنڈت سکنہ گنتمولہ پائین ، وحید بشیر لون ولد بشیر احمد لون اور مشتاق احمد لون ولد علی محمد لون دونوں سکنہ فتح گڑھ شیری مارکیٹ شامل ہیں۔ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس پارٹی کو دیکھ کر ملزمین نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے انہیں پکڑ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ذاتی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 63 گرام ممنوعہ براو¿ن شوگر جیسا مادہ برآمد ہوا اور انہیں فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔ پولیس تھانہ شیری میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بونیار بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران چار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے شوکت علی جے کے پی ایس کی نگرانی میں ایس ڈی پی او اوڑی ڈی وائی ایس پی کی مدد سے ایس ایچ او پی ایس بونیار نے 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جن میں اخلاق میر ولد احمد میر، کبیر احمد اعوان ولد مظفر احمد ، عبدالقیوم خان ولد سرفراز احمد سکنہ بیلہ سلام آباد اور منیبہ یونس دختر محمد یونس سدن سکنہ اورنبووا شامل ہیں، جو ایک گاڑی میں زیر نمبر JK05L-3829 میں سوار ہو کر چند نواری سے بونیار کی طرف آرہے تھے ، بونیار میں ناکہ چیکنگ کو دیکھ کر فرار ہوئے تاہم پولیس نے انہیں پکڑ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ذاتی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 60 گرام ممنوعہ ہیروئن جیسا مادہ اور 50ہزار روپے نقد برآمد ہوئے اور انہیں فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔ پولیس تھانہ بونیار میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔