سرمائی تعطیلات میں 4 مارچ تک توسیع

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری موسم کی پیشن گوئی کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ایس ای کے) نے سکولی بچوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں دو دن کی توسیع کردی ہے۔
اس سلسلے میں حکم نامہ ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ایس ای کے) نے جمعرات کی سہ پہر جاری کیا۔
واضح رہے کہ تمام سکولوں میں تین ماہ کی طویل موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان 28 نومبر سے مرحلہ وار طریقے سے کیا گیا تھا تاہم تمام سکولوں میں تدریسی عملہ 21 فروری سے اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کر چکا ہے جبکہ کلاس ورک یکم مارچ 2024 سے دوبارہ شروع ہونا تھا۔
ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر نے کہا ، “لیکن موسلادھار بارشوں اور برف باری کی موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر، ہم نے معمول کے کلاس ورک کیلئے سکولوں کو دوبارہ کھولنے میں دو دن کے لیے تاخیر کرنے کا فیصلہ کیا”۔
ڈی ایس ای کے کی طرف سے جاری حکم نامہ کے مطابق، “تمام سرکاری اور نجی تسلیم شدہ سکولوں میں کلاس ورک 4 مارچ 2024 سے دوبارہ شروع ہو جائے گا”۔
محکمہ موسمیات نے شدید برفباری کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس سے سطحی اور فضائی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے یکم مارچ کو جموں و کشمیر میں بھاری برفباری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ پورے جموں و کشمیر میں اعتدال سے لے کر بہت زیادہ بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔