پاکستان کے بجائے کشمیری نوجوانوں سے بات چیت کریں گے:امت شاہ مودی حکومت کے بغیر جموں وکشمیر کی ترقی ممکن نہیں تھی،حتمی ووٹر لسٹ تیار ہونے کے فوراً بعد انتخابات کا اعلان ہوگا

بارہمولہ//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو کہا کہ وہ پاکستان کے بجائے وادی کے نوجوان سے بات چیت کریں گےاور اُن کے تمام مطالبات اور ضروریات کو پورا کریں گے۔ انتخابات کے حوالے سے اعلان حتمی ووٹر لسٹ اور دیگر تیاریاں مکمل ہونے کے فوراًبعد کیا جائے گا۔
انہوں نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ عبداللہ اینڈ سنز اور مفتی اینڈ کمپنی جموں و کشمیر میں 42000 لوگوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے بارے میں اعلان اس وقت کیا جائے گا جب حتمی ووٹر لسٹ کی تکمیل اور دیگر تیاریاں مکمل ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا، “عمل جاری ہے اور تیاریاں زوروں پر ہیں”۔
این سی اور پی ڈی ڈی پر طنز کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ عبداللہ اینڈ سنز اور مفتی اینڈ کمپنی 42000 لوگوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں کیونکہ ان خاندانوں نے اپنے ذاتی فائدے کے لیے سیاست کی اور لوگوں کو تکلیف میں چھوڑ دیا،”ان خاندانوں نے اپنے ذاتی فائدے کے لیے جموں و کشمیر کے وسائل کو لوٹا اور عام آدمی کے لیے کچھ نہیں کیا”۔
شاہ نے کہا کہ بارہمولہ کبھی عسکریت پسندی کا گڑھ ہوا کرتا تھا اور یہاں عسکریت پسندی سے متعلق سرگرمیاں عام تھیں لیکن آج یہ جگہ سیاحوں کا ایک بہترین مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں پھیلے ہوئے اسکائیرز کی جنت، مزارات اور اس جگہ کے برف پوش پہاڑ بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بغیر جموں و کشمیر کی ترقی ناممکن تھی۔
شاہ نے کہا، “آج ہمارے پاس بہترین سڑکیں، ریل رابطے، پل اور اسپتال ہیں”۔
شاہ نے کہا، “ہمارے پاس ایمس اور نرسنگ کالجوں کے علاوہ جموں و کشمیر میں نو میڈیکل کالج ہیں”۔
شاہ نے کہا کہ گجروں، بکروالوں اور پہاڑیوں کو مناسب ریزرویشن دیا جائے گا کیونکہ وہ پچھلے 75 سالوں سے جمہوریت کے ثمرات سے محروم ہیں۔
وزیر داخلہ نے پاکستانی حملہ آوروں کے خلاف کردار ادا کرنے پر مقبول شیروانی کی تعریف کی۔ انہوں نے مختلف بجلی، سڑک اور جل شکتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ ہند پاکستان سے نہیں نوجوانوں سے بات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے کسی بھی معاملے پر بات کرنے کو تیار ہوں لیکن پاکستان سے نہیں۔ شاہ 3 روزہ دورے پر جموں و کشمیر میں ہیں اور آج سہ پہر واپس روانہ ہوں گے۔