کمسن بچی کے قتل میں ملوث شخص کو بہت جلد گرفتار کیا جائے گا: ایس ایس پی

File Image/ SSP Kupwara

یو این آئی

سری نگر//سرحدی ضلع کپواڑہ کے سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس یوگل منہاس نے جمعرات کے روز کہاکہ لولاب میں کمسن بچی کے قتل میں ملوث شخص کو بہت جلد سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ایس ایس پی نے کہاکہ بدھ کی شام کو کرہامہ لولاب میں نو سالہ بچی کی گلا کٹی لاش برآمد کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے اور بہت جلد ملزم کو حراست میں لیا جائے گا۔
ایس ایس پی نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ ملوثین کو جلدازجلد انجام تک پہنچایا جاسکے۔
ان کے مطابق اگر اس واقعے کے بارے میں کسی کو کوئی جانکاری ہے تو وہ پولیس کے ساتھ رابط قائم کرئے۔
دریں اثنا جمعرات کے روز کمسن بچی کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور بعد ازاں بچی کو آہوں اور سسکیوں کے بیچ پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا ۔
علاوہ ازیں مقامی لوگوں نے قتل کی سنسنی خیز واردات کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور ملوثین کو جلدا زجلد بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ کمسن بچی کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا ہے اور اس واقعے میں جو کوئی بھی ملوث ہوگا اس کو سر راہ پھانسی پر لٹکایا جاے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکے۔