سرحدوں پر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے:آرمی کمانڈر

File Photo

سری نگر//فوج نے منگل کو کہا کہ وہ لداخ سیکٹر میں چین کے کسی بھی جارحانہ عمل کا مناسب جواب دینے کے لیے تیار ہے، سرحدوں کی حفاظت کو گشت اور تکنیکی ذرائع سے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف ،لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیویدی نے بادامی باغ سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا،”ایل اے سی پر، جمود کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی چینی کوششوں پر ہمارا ردعمل بھارتی مسلح افواج کی طرف سے ایک بھرپور، بے خوف اور زبردست کارروائی تھی”۔
انہوں نے کہا، “کسی بھی جارحانہ ڈیزائن یا کوششوں کا یقینی طور پر فورسز کی مناسب پوزیشننگ اور تینوں سروسز کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مضبوط ارادے کے ساتھ جواب دیا جائے گا”۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کی صورتحال کو سفارتی اور آپریشنل سطح پر حل کرنے کے اقدامات بھی بیک وقت جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، “میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ مشرقی لداخ میں ایل اے سی پر فزیکل گشت اور تکنیکی ذرائع سے غلبہ حاصل کیا جا رہا ہے اور ہماری علاقائی سالمیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے”۔
لیفٹیننٹ جنرل دیویدی نے کہا کہ شمالی کمان مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح سے تیاری میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا،”جموں، کشمیر اور لداخ میں سیکورٹی کی صورتحال خطے اور آپریشنل کاروائیوں میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرتی ہے،ہم ملک کی جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا، “ہم مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، تمام پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے”۔
آرمی کمانڈر نے کہا کہ فوج مستقبل میں کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور ہمیشہ خطے کے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔
انہوں نے کہا، “گزشتہ 3سالوں کے دوران آرٹیکل 370کی منسوخی، گلوان تنازعہ اور COVID-19کی متعدد لہروں کے تناظر میں نئے چیلنجز شامنے آئے ہیں”۔