اگلی حکومت اپنے بل پر بنائیں گے،کسی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے :چُگ

عظمیٰ ویب ڈیسک

راجوری // بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں وکشمیر انچارج ترون چُگ نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں اگلی حکومت خود اپنے لیڈروں اور اپنے امیدواروں کے ساتھ بنائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔

راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چُگ نے الزام لگایا کہ کانگریس، این سی کا منشور آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر سے تحریر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی اور دیگر جماعتیں جموں و کشمیر کو بدامنی کے دور میں واپس دھکیلنا چاہتی ہیں اور جیل میں بند قیدیوں کی رہائی کا وعدہ اسی کا اشارہ ہے۔

انہوں نے نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ سے سوال کیا کہ وہ اس بات کا جواب دیں کہ جب کشمیری پنڈتوں کو وادی کشمیر سے بھاگنے پر مجبور کیا گیا تو جموں و کشمیر میں کون وزیر اعلیٰ تھا؟۔

اسی طرح پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی سے سوال پوچھتے ہوئے ترون چُگ نے کہا کہ محبوبہ اس بات کا جواب دیں کہ جب کشمیری پنڈتوں کی ہجرت ہوئی تو ملک کا وزیر داخلہ کون تھا؟