امرت پال سنگھ معاملے میں پنجاب پولیس کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں گے: دلباغ سنگھ

سری نگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کو کہا کہ خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ کی ’وارس پنجاب دے‘ تنظیم نے جموں و کشمیر سے کچھ ہتھیار خریدے ہیں، اور اس معاملے میں پنجاب پولیس کو جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔
جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل بخشی سٹیڈیم میں 71ویں بی این ملک میموریل آل انڈیا پولیس فٹ بال چمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔
دلباغ سنگھ نے کہا،”جہاں بھی پنجاب پولیس کو ہماری ضرورت ہے، جموں و کشمیر پولیس ان کی ہر طرح کی مدد کرے گی۔ کچھ معاملے ایسے بھی سامنے آئے ہیں کہ یہاں سے کچھ اسلحہ وہاں کے لوگوں کو جاری کیا گیا۔ ہم نے ایسے معاملات کا نوٹس لیا ہے۔ ایک دو کیس درج کیے گئے ہیں اور ہم پنجاب پولیس کی جہاں بھی ضرورت ہو مدد کریں گے“۔
پنجاب پولیس نے ہفتے کے روز امرت پال سنگھ اور ان کی تنظیم ’وارس پنجاب دے‘ کے ارکان کے خلاف ایک بڑا کریک ڈاون شروع کیا۔
تاہم، امرت پال سنگھ نے پولیس کو چکمہ دے دیا اور جب جالندھر ضلع میں اس کے قافلے کو روکا گیا تو وہ پولیس کے جال سے بچ گیا۔
جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ نے کہا کہ یوٹی میں ملی ٹینسی کی تعداد کم ہے اور نوجوان کھیلوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔
آج سکولوں اور کالجوں میں امن کا ماحول ہے اور ہر جگہ طلباءاپنی پڑھائی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا،”وہ مختلف مسابقتی امتحانات میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہم امن کی فضا کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ نوجوان بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی پڑھائی جاری رکھیں اور اپنی زندگیوں کی تعمیر کریں اور اپنے والدین اور معاشرے کا خیال رکھیں“۔