خصوصی درجے کی بحالی کے لئے پر امن جد و جہد جاری رکھیں گے: عمر عبداللہ

سری نگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ ہم جموں کشمیر سے چھینی گئی خصوصی پوزیشن کی بحالی کے لئے پر امن جد وجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جدو جہد کا یہ سفر طویل اور پیچ دار ہوسکتا ہے لیکن ہم اس کو ترک کرنے والے نہیں ہیں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔
انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ’پانچ اگست 2019 کو جو کچھ جموں وکشمیر کے ساتھ کیا گیا ہم اس کو چلینج کرنے کے لئے تمام آئینی و قانونی وسائل کو بروئے کار لا کر پر امن جد وجہد جاری رکھیں گے‘۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’یہ سفر طویل اور پیچ دار ہوسکتا ہے لیکن جموں وکشمیر نینشل کانفرنس اس کو ترک نہیں کرے گی‘۔
قابل ذکر ہے کہ پانچ اگست 2019 کو مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن ختم کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔