جموں وکشمیر میں خشک اور گرم موسم جاری رہنے کا ا مکان

سری نگر//جموں وکشمیر میں گزشتہ ہفتہ ہوئی بارشوں کے بعد سے ہی موسم خشک اور گرم ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر میں موسم خشک اور گر م رہا۔ اسی دوران سری نگر میں درجہ حرارت 33.2 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا جو اس موسم کا سب سے زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو سری نگر میں درجہ حرارت33.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیے جانے کے ایک دن بعد جموں و کشمیر میں بدھ کو بھی شدید گرم ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا ، “اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے”۔

دریں اثناءسری نگر میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں 14.6 اور گلمرگ میں 13.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

لداخ کے علاقے میں، دراس شہر میں 10 ڈگری، لیہہ میں 13.2 اور کرگل میں 15.6 درجہ حرارت کم سے کم درج کیا گیا۔

جموں میں 31.2 ڈگری، کٹرہ میں 29، بٹوت میں 21.3، بانہال میں 20.8 اور بھدرواہ میں 20 ڈگری کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔