وادی میں موسم بنیادی طور پر خشک رہنے کا امکان

سرینگر// وادی کشمیر کے بعض علاقوں میں بارشوں کے بعد محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے آج کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بھی وادی میں پانچ اکتوبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
اسی بیچ وادی میں گلمرگ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت لگاتار معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 11.4 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں 6.6 ڈگری اور گلمرگ میں 6.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
لداخ کے علاقے میں دراس میں 2.9 ڈگری، کارگل میں 6.6 اور لیہہ میں 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
جموں میں کم سے کم 22.8 ڈگری، کٹرہ میں 20.2، بٹوت میں 12.4، بانہال میں 10.4 اور بھدرواہ میں 10.9 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔