جموں و کشمیر میں مطلع ابر آلود، موسم خشک رہنے کا امکان

سری نگر//جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے جاری موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کئی دن تک جاری رہنے والی بارش کا سلسلہ اب رک گیا ہے اور مطلع ابرآلود ہے، وہیں محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق آئندہ ایک دن بھی موسم صاف رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیلاب کا خطرہ بڑھنے کے بعد وادی کے تمام بڑے دریاوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح صبح سے ہی کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا کہ “جموں و کشمیر میں موسم عام طور پر مہینے کے آخر تک خشک رہنے کا امکان ہے۔ جموں وکشمیر میں ابھی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے”۔

دریں اثناءاسی دوران سری نگر میں 10.8، پہلگام میں 8.6 اور گلمرگ میں 2.5 ڈگری سیلسیس کم از کم درجہ حرارت درج کیا گیا۔

لداخ کے علاقے لیہہ میں 6.6 اور کرگل میں 9.3 ڈگری کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

جموں میں 21.2، کٹرہ 19.8، بٹوت 11.7، بانہال 12.6 اور بھدرواہ میں 13 ڈگری کم سے کم درجہ حرارت درج کیا گیا۔