ہم سب ملی ٹینسی کے خلاف ہیں لیکن عام شہریوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہئے: آزاد

File Photo: Amaan Farooq

یو این آئی

سری نگر//جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے بانی غلام نبی آزاد نے پیر کے روز کہاکہ ملی ٹینٹوں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے لیکن جن کا ملی ٹینسی کے ساتھ دور دور کا واسط نہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جانی چاہئے انہوں نے مزید بتایا کہ ہم سب ملی ٹینسی کے خلاف ہیں لیکن اپنے دور میں ایک توازن برقرار رکھا اور جو بھی فرضی تصادم میں ملوث پائے گئے وہ آج بھی سینٹرل جیل میں سڑ رہے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار غلام نبی آزاد نے اننت ناگ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں سے درخواست ہے کہ ملی ٹینٹوں کے ساتھ جو بھی کرنا ہے کر سکتے ہیں لیکن عام شہریوں کو کوئی تکلیف نہیں پہنچنی چاہئے۔
ان کے مطابق جب میں وزیرا علی تھا لالچوک میں ریڈی چلانے والے تین مزدوروں کو انعام اور پرموشن کے نام ایک فرضی تصادم کے دوران مار گرایا گیا۔
انہوں نے بتایاکہ بطور وزیرا علیٰ تینوں مزدوروں کی قبرکشائی کی گئی اورتحقیقاتی کے دوران معلوم ہوا ہے کہ تینوں بے گناہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مذکورہ فرضی تصادم میں ملوث اہلکار پچھلے 15برسوں سے سینٹرل جیل میں سڑ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کوا نصاف کا راستہ فراہم کیا جانا چاہئے ، کسی بھی نوجوان کو شک کی نگاہ سے دیکھنا جائز نہیں۔
غلام نبی آزاد کے مطابق کسی بھی نوجوان پر شک کریں گے اور بعد ازاں اُس پر پی ایس اے لگائے گئے وہ صحیح نہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم سب ملی ٹینسی کے خلاف ہیں لیکن بطور وزیرا علیٰ اپنے دور میں توازن کو برقرار رکھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے دور میں شریف لوگوں کے ساتھ کوئی بد تمیزی نہیں کی بلکہ انہیں انصاف فراہم کیا۔