بارہمولہ//منشیات کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے آج چار منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے آج جاری ایک بیان میں بتایا،”ڈیلینا گھاٹ پر ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک کار زیر نمبر DL3CAD-2779کو چیکنگ کیلئے روکا جس میں تین افراد سوار تھے، گاڑی کی چیکنگ کے دوران 35گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کر لیا۔ تینوں افراد کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا اور گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت جان محمد لون عرف جگاور ولد محمد مقبول لون سکنہ شاہین محلہ ڈیلینا،ندیم احمد میر ولد بشیر احمد سکنہ درپورہ ڈیلینا اور معروف احمد خان محمد یونس خان سکنہ اوڑی کے طور پر ہوئی ہے”۔
پولیس ترجمان نے بتایا،”پولیس کی ایک پارٹی نے ہرتھرت پٹن میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی ، متعلقہ شخص نے پولیس کو دیکھ فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا ۔ متعلقہ شخص کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے پاس موجود تھیلے سے 35گرام چرس اور 2.2کلو پوست جیسا مادہ برآمد ہوا، جسے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔ منشیات فروش کی شناخت اوید احمد میر ولد علی محمد میر سکنہ چنبل پٹن کو حراست میں لے لیا گیا”۔
انہوں نے بتایا کہ دو معاملات کے سلسلے میں پولیس تھانہ بارہمولہ اور پٹن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ علاقے کے عام لوگوں نے بارہمولہ پولیس کی کوششوں کی ستائش کی اور معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پولیس کا ساتھ دینے پر آمادگی ظاہر کی۔