یو این آئی
سرینگر// ریجنل ٹرانسپورٹ افسر (آر ٹی او) کشمیر سید شہنواز بخاری کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے علما اور ائمہ مساجد سے خطبوں میں ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے موضوع پر بات کرنے کی گذارش کی۔
موصوف آر ٹی او نے جمعہ کے روز میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘جو بھی ڈرائیور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل یں لائی جائے گی’۔
انہوں نے کہا: ‘دور دراز علاقوں میں اوور لوڈنگ وغیرہ جیسی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں ایک معمول بن گئی ہیں میں ڈرائیور حضرات سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس طرح کی خلاف ورزیوں کو بر داشت نہیں کیا جائے گا’۔
ان کا کہنا ہے: ‘میں نے ٹریفک عملے کو ہدایت دی ہے کہ ایسے کیسز میں شکایت موصول ہونے پر ایک مسافر کی گواہی پر خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کی آر سی اور ڈرائیونگ لائسنس کو منسوخ کریں اور تب ہی اس کو بحال کریں جب وہ دوبارہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کے لئے آئے گا’۔
مسٹر بخاری نے کہا کہ سڑک حادثات روکنے کے لئے میڈیا اور عام لوگوں کا بھی بڑا رول ہے۔
انہوں نے علما اور ائمہ مساجد سے خطبوں میں ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے موضوع پر بات کرنے کی گذارش کی۔
ان کا کہنا ہے کہ جب تک نہ تمام لوگ اپنا اپنا رول اداکریں گے تب تک ٹریفک حادثات کو روکا نہیں جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی اصولوں پر عمل کرنے سے بڑی حد تک سڑک حادثات سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔