کیرن سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ، 2افراد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

 

کپواڑ//پولیس کا کہنا ہے کہ فوج نے کیر ن سیکٹر میں انڈیا گیٹ ۔بچھو علاقے میں فینس کے نزدیک گولیوں کے تبادلے کے دوران دو افراد کو ہلاک کردیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا فوج نے اطلاع دی ہے کہ منگل کے روز تین بجے کے قریب کیرن سیکٹر میں انڈیا گیٹ۔بچھو علاقے میں فینسنگ کے نزدیک فوج کی گشتی پارٹی نے مشتبہ نقل وحرکت دیکھی جس کو چیلنج کیا گیا جس دوران دو بدو گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد وہاں تلاشی کارروائی شروع کی گئی جس دوران دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ مہلوکین کے قبضے سے 4اے کے رائفلیں، 8میگزین اور دو منشیات کی اشیاءسے بھرے پیکٹ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اُس پار فینسنگ کے نزدیک دو اے کے رائفلیں ، میگزین اور چار گرینیڈ بھی پائے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج نے دونوں کی شناخت ماجد چچی اور شمس الدین بیگ کے بطور کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوکین اسلحہ و گولہ بارود اور منشیات کی کھیپ حاصل کرنے اور ایل او سی پر واقع روٹا نار کے علاقے میں جنگجووں کو دراندازی کی خاطر آسان راہداری فراہم کرنے کی خاطر آئے ہوئے تھے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ مہلوکین کے قبضے سے پانچ رائفلیں، ایک شارٹ گن ، 15میگزین، 128گولیوں کے راونڈ، 177دوسرے راونڈ، گرینیڈس کے علاوہ منشیات کے دو پیکٹ بھی برآمد کرکے ضبط کئے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔