جموں میں ایک ہوٹل سے 2 فرضی پولیس افسر گرفتار

File Photo

ویب ڈیسک

جموں// خود کو پولیس افسر ظاہر کرنے والے شمالی کشمیر کے 2 افراد کو جموں پولیس نے منگل کو ایک ہوٹل سے گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہوٹل کے مالک کی شکایت پر دونوں فرضی پولیس اہلکاروں کو جموں کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت سوپور کے رہنے والے قیصر جیلانی اور محمد تنویر کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں افراد کو پہلے بھی کشمیر صوبہ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دریں اثناءایک پولیس افسر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔