کنگن میں دلدوز سڑک حادثہ، 2 نوجوانوں کی موت

گاندربل// جموں وکشمیر کے وسطی ضلع گاندر بل کے مارگنڈ کنگن کے نزدیک ٹاٹا سومو اور سکوٹی کے درمیان زور دار ٹکر کے باعث دو نوجوانوں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز سری نگر لہیہ شاہراہ پر مار گنڈ کنگن کے نزدیک ٹاٹا سومو اور سکوٹی کے درمیان ٹکر ہوئی جس وجہ سے سکوٹی پر سوار دو نوجوان خون میں لت پت ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
حادثے میں جاں بحق ہوئے ایک نوجوان کی شناخت سمیر احمد خان ساکن کنگن کے بطور ہوئی جبکہ دوسرے کی پہچان کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں دوست ہے اور وہ بازار کی طرف جارہے تھے کہ راستے میں ہی ٹا ٹا سومو سے وہ ٹکرا گئے جس وجہ سے دونوں کی موت واقع ہوئی۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
بتادیں کہ ایک ہفتے قبل مامر کنگن میں بھی سکوٹی سوار ٹریفک حادثے میں از جان ہوا تھا۔
بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر عوامی حلقوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ ٹریفک حادثات پر قابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ثابت ہو چکا ہے۔