عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو جموں میں دو بدنامِ زمانہ مجرموں کو گرفتار کیا ہے اور ان میں سے ایک کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول برآمد کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے جیٹھالی کے رہائشی دھیرج کمار کو نگروٹا میں پولیس نے اس وقت پکڑ لیا جب وہ موٹر سائیکل پر اودھم پور سے جموں جا رہا تھا، جس دوران اس کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول برآمد ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل کو ضبط کر لیا گیا اور گرفتار مجرم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ آر ایس پورہ کے ایک اور مطلوب مجرم لیاقت علی عرف بُلا کو جموں کے مضافات میں کناچک علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی کئی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لیے جانا جاتا ہے جس میں کاناچک میں پولیس پارٹی پر حملہ اور گائے کی سمگلنگ شامل ہے۔