ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 260 کے پار: راحت رسانی کا کام مکمل: ریلوے وزیر

Photo: Special Arrangements/ Railway Ministry/ Social Media

یو این آئی

بھونیشور// ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے ہفتہ کے روز کہا کہ اڈیشہ میں ضلع بالسور کے بہنگا ریلوے اسٹیشن کے نزدیک جمعہ کی شام پیش آنے والے ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 261 ہو گئی ہے اور 900 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
مسٹروشنو نے کہا کہ جائے حادثہ پر بچاؤ اور راحت رسانی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ پٹریوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ تباہ شدہ کوچ کو موقع سے ہٹانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے نے جائے حادثہ پر جمع لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پٹریوں سے دور رہیں تاکہ مرمت کا کام شروع کیا جاسکے۔ اس سے ریلوے حکام کو ٹرین کی خدمات کو آسانی سے بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر موصوف کے علاوہ اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر منموہن سمل اور او پی سی سی کے صدر سرت پٹنائک سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا۔
واضح رہے کہ ہاوڑہ سے چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس ٹرین (12841) کے کچھ ڈبے جمعہ کی شام پٹری سے اتر گئے۔ اس کے بعد یشونت پور ہاوڑہ ٹرین (12864) پیچھے سے کورومنڈیل ایکسپریس سے ٹکرا گئی، جس سے کورومنڈیل ایکسپریس اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔
اس حادثے میں 261 مسافروں کی موت اور تقریباً 900 لوگ زخمی ہوئے۔