انتظار ختم؛ پنتھیال ٹنل میں ٹریفک آمد ورفت شروع

محمد تسکین

رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع پنتھیال میں تعمیر ٹنل میں ٹریفک آمد ورفت شروع کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر رام بن نے بتایا کہ پنتھیال میں ٹنل 5 پر تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد اسے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
شاہراہ کے سب سے نازک مقام پنتھیال میں880 میٹر ٹنل کے جڑواں ٹیوب پر کام 2020 میں شروع ہوا تھا جو اب مکمل ہو چکا ہے۔پچھلے دو سالوں میں، اس اہم حصے پر ایک عارضی لوہے ( سٹیل ٹنل)کی سرنگ نے ہائی وے پر سفر کرنے والے لوگوں کو کچھ راحت فراہم کی۔لیکن پتھر گرنے کا سلسلہ ہموار نقل و حرکت میں بار بار رکاوٹوں کا باعث بنتا رہا۔پنتھیال شاہراہ پر کئی دہائیوں سے ایک اہم حصہ رہا ہے۔
قبل ازیں، رام بن کے ڈپٹی کمشنر مسرت اسلام نے کہا تھا کہ T5 سرنگ کے افتتاح کے ساتھ ہی اس خطرناک حصے سے چھٹکارا ملے گاجو کم و بیش تکمیل کے مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ T5 سرنگ کے کھلنے سے سڑک پر اکثر ٹریفک جام کے ساتھ پتھر برسانے کا خوف ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ T5 سرنگ کے کھلنے سے “پنتھیال کا بھوت ہمیشہ کے لیے آرام کرے گا”۔