عظمیٰ ویب ڈیسک
سرنکوٹ// جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر پوشانہ کے قریب پسی گرنے کی وجہ سے ٹریفک آمد ورفت متاثر ہو گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ مغل روڈ پرہفتہ کی صبح پوشانہ میں چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ روڈ کو کھولنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے تاہم ٹریفک کو بحال کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
دریں اثنا وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔
اُنہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ خراب موسمی صورتحال کے درمیان سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک پولیس سے شاہراہوں کی صورتحال سے متعلق تازہ جانکاری حاصل کریں۔